
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔حکومت پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ضمن میں ہمہ جہتی پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی ملک واپسی میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ پاک-امریکہ کاکس کا اجلاس 30 اپریل کو نیویارک میں منعقد کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستاں میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔