وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی ہدایت پراقلیتی کمیونٹی کے طلباء کو اسکالرشپ دینے کے لیے سب کمیٹی قائم

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر لعل چند اکرانی کی زیر صدارت سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کا چوتھا اہم اجلاس سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم پی اے ڈاکٹر کھٹو مل جیون، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھو، ایم پی اے رانا ہمیر سنگھ، ایم پی اے انیل کمار رتنانی، ایم پی اے مہیش کمار ہاسیجا، سیکریٹری محکمہ اقلیتی امور انجم اقبال جمانی، ڈائریکٹر محمد اسلم کھوسو اور ایکس ای این سنجئہ کمار نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری انجم اقبال جمانی نے محکمہ میں جاری ترقیاتی کاموں اور مالی معاونت پر میمبران کو بریفنگ دی۔سیکریٹری نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا دوبارہ آغاز کر رہا ہے، جس کے اخبارات میں اشتہارات جاری کیے گئے ہیں۔ ان اسکالرشپز کے لیے کچھ میمبران پر مشتمل سب کمیٹی بنانی چاہیے جو اسکالرشپ سے متعلق معاملات دیکھے اور اس کی شفافیت کو یقینی بنائے۔ جس کے بعد چیئرمیں سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی ڈاکٹر لال چند اکرانی کی منظوری سے راجویر سنگھ سوڈھو، انیل کمار رتنانی اور سلیم اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں کمیٹی کے میمبران نے اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے دورے کر کے وہاں جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر سہولیات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ محکمہ کو موصول ہوئی دو نیچرل کالمٹی گرانٹ درخواستوں پر ممبران نے مزید تصدیق کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر چیئرمین نے محکمہ کے افسران کو کیسز کی مزید تحقیق کرنے کے احکامات جارے کر دیے۔ اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر لالچند اکرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں مختلف منصوبے زیر غور ہیں۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر اقلیتی برادری کی خدمات کر رہے ہیں۔ کشمور اور کندکوٹ میں امن امان کی صورتحال پر وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار سے بھی میٹنگز کی ہیں تاکہ اقلیتی برادری باآسانی اپنے ملک کی خدمت کر سکیں۔