پیوٹن جلد مر جائیں گے اور یہ ایک حقیقت ہے۔یوکرین صدرولودیمیر زیلنسکی

یوکرین کے صدرولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ پیوٹن جلد مر جائیں گے، یہ ایک حقیقت ہے اور یہ سب کچھ ختم ہو جائے گا۔زیلنسکی نے مزید کہا کہ پیوٹن اپنی موت تک اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں اور مغرب کے ساتھ براہ راست تصادم کے خواہاں ہیں۔رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ 72 سالہ روسی صدر اپنی زندگی کے اختتام کے قریب ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے پیوٹن کی صحت کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں، خاص طور پر جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا۔ تاہم، کریملن نے ان افواہوں کی کئی بار تردید کی ہے اور پیوٹن کی خراب صحت کے کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے۔اکتوبر میں پیوٹن کی کچھ تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں ان کے ہاتھوں پر کچھ نشانات دیکھے گئے تھے جب وہ فوجیوں سے ملاقات کر رہے تھے، جس سے یہ قیاس آرائیاں ہوئیں کہ پیوٹن کا کینسر کا علاج ہو رہا ہے۔ تاہم، ان نشانات کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی۔