کسان کو سہولتیں فراہم کرکےزرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، جنوبی کوریا کے تعاون سے آلو کا بہترین بیج اب پاکستان میں تیار کیا جائے گا۔شہبازشریف

اسلام آباد میں سیڈ پوٹاٹو پروڈکشن اینڈ ایروپانکس کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پروزیراعظم کی گفتگو
وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا ہےکہ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود قیمتی زرمبادلہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ کر رہا ہے، اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، لائیو سٹاک کے شعبہ میں بھی بہت بہتری لائی جا سکتی ہے، ملکی معیشت میں زراعت کا حصہ بڑھانے کے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جائے تو خطے کے ممالک کو ہم پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہاکہ کسان کو بہترین بیج، کھاد اور اصلی زرعی ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی سے دوبارہ زرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، جنوبی کوریا کے تعاون سے آلو کا بہترین بیج اب پاکستان میں ہی تیار کیا جائے گا۔
وزیراعظم نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر اسلام آباد میں سیڈ پوٹاٹو پروڈکشن اینڈ ایروپانکس کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر گفتگوکررہے تھے۔ یہ کمپلیکس اعلیٰ درجے کی ایروپانکس ٹیکنالوجی کے ذریعے آلو کے تصدیق شدہ بیج کی پیداوار کے لئے کوریا پارٹنرشپ فار انوویشن آف ایگریکلچر (کوپیا) اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) کے درمیان ایک اہم شراکت داری کا حامل منصوبہ ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے بتایاکہ اس اقدام سے پاکستان میں آلو کے بیج کے معیار اور دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی، اس کا مقصد آلو کی پیداوار کی لاگت کو کم کرنا اور مناسب قیمت پر معیاری بیج آلو کی دستیابی کو یقینی بنا کر پیداوار میں بہتری لانا ہے۔