پاکستان

“کیش لیس خیبرپختونخوا انیشیٹو”سےڈیجیٹل اکانومی کو فروغ ملے گا، معاشی تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا۔علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں “کیش لیس خیبرپختونخوا انیشیٹو” پر فوری عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اس اقدام کے تحت خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بننے جا رہا ہے جو یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ یہ ایک انقلابی منصوبہ ہے جو صوبے میں مالیاتی شفافیت، اقتصادی ترقی اور کاروباری آسانیوں کو فروغ دے گا۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے ذریعے خیبرپختونخوا کو بین الاقوامی مالیاتی نظام کے ساتھ ہم آہنگ بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری و نجی ادائیگیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا بلکہ اس سے ٹیکس کولیکشن میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کی بدولت مستقبل میں پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کے لیے جامع اکنامک ڈیٹا بیس قائم کرنے میں مدد ملے گی، جو صوبے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے موثر نفاذ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے چیف سیکرٹری کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تمام محکموں اور اداروں کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں جدید فِن ٹیک سلوشنز کی حوصلہ افزائی کرے گا، جس سے نہ صرف ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ ملے گا بلکہ معاشی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button