غیر جمہوری رویوں سے تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیراعظم کا دو ٹوک موقف
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی،عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے رابطے اور مذاکرات جمہوریت کی روح ہیں،رابطوں سے ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مذاکرات سے گریز کشیدگی کو بڑھاتا ہے اور قومی یکجہتی کی فضا متاثر ہوتی ہے،رابطوں سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔
وزیرعظم نے کہا کہ مذاکرات سے گریز غیر جمہوری اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاتا ہے،پاکستان کو ہنگاموں،محاذ آرائی اور تصادم کی نہیں بلکہ مفاہمت کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنی چاہیے،ملک ترقی کر رہا ہے اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ غیر جمہوری رویوں سے ملکی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔