
وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت یافتہ ادارے ’’ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن‘‘ کے اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد بلاک چین ٹیکنالوجی، ٹوکنائزیشن، رئیل ورلڈ ایسٹس اور سٹیبل ایپلیکیشن پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب صوبہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آن لائن ٹریڈ میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور حکومت پنجاب نے اس شعبے میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے وفد کو حکومت پنجاب کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت اور مالیاتی اشتراک کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کے اختراعی معاشی نظریات کو سراہا اور عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو ڈیجیٹل اینوویشن میں ایک ریجنل لیڈر بنایا جائے گا۔