پاک فوج کی دشمن پر ضرب کاری۔پاکستان داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 54سے زائد دہشت گردہلاک

شمالی وزیرستان کےعلاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج دہشت گردوں کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت شناخت کیا اورجوانوں نے مؤثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ مہارت اور درستگی سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں تمام 54سے زائد خوارج دہشت گردجہنم واصل کر دیے گئے۔ ہلاک شدہ خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔خفیہ اطلاعات کے مطابق، یہ گروہ اپنے “غیر ملکی آقاؤں” کے اشارے پر پاکستان کے اندر بڑی دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ فتنہ الخوارج کی اس وقت کارروائیاں، جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے، واضح کرتی ہیں کہ یہ گروہ کس کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔ ایسی کارروائیاں ریاست اور اس کے شہریوں سے کھلی غداری کے مترادف ہیں۔