عمران خان پرحملہ کرنے والے ملزم نویدکودوبارعمرقیدکی سزاسنادی گئی

انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیرآباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ریلی پر فائرنگ اور حملےکےکیس کے ملزم نوید کو 2 بار عمر قید کی سزا سنادی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں 3 نومبر 2022 کو وزیرآباد میں ریلی کے دوران بانی پی ٹی آئی پر حملےکےکیس کی سماعت کی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم نوید احمد کو 2 بار عمر قید کی سزا سنائی۔عدالت نے مقدمےکے دیگر ملزمان طیب بٹ اور وقاص کو بری کر دیاہے ۔عدالت نے فائرنگ سے جاں بحق معظم کو قتل کرنے کے جرم میں ملزم نوید کو ایک مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی اور دہشت گردی کا جرم ثابت ہونے پر ایک اور مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ملزم کو چار افراد کو زخمی کرنے کے جرم میں تین سے پانچ سال تک قیدکی سزا سنائی گئی اور اس پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا گیا۔دوران سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 8 مرتبہ عدالت میں طلب کیا۔ بانی پی ٹی آئی کو متعدد بار اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا لیکن بانی پی ٹی آئی نے بطور گواہ بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔یاد رہےکہ 3 نومبر کو وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ عمران خان سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے حملہ آورکو گرفتار کرلیا تھا۔