دانش یونیورسٹی اسٹینفورڈ،آکسفورڈ،ایم آئی آئی ٹی اور دیگر عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہو گی۔وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی اسٹینفورڈ، آکسفورڈ، ایم آئی آئی ٹی اور دیگر عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست 2026 کو یونیورسٹی کا پہلا سیکشن فعال ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا دانش یونیورسٹی کے کاموں اور انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہوگا کیونکہ یہ پی کے ایل آئی کی طرح خود مختاری سے کام کرے گی جہاں اس حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کی خطیر رقم سے بننے والی دانش یونی ورسٹی دنیا کی ممتاز ترین جامعات کے ہم پلہ ہوگی جہاں مارڈرن سائنسنز کی تعلیم دی جائے گی۔وزیراعظم نے سیکٹر ایچ-16 میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کا قیام نہ صرف ملک میں ایک ماڈل ہو گی بلکہ معیاری تعلیم، تحقیق اور اپلائیڈ سائنسز میں ترقی کی بنیاد پر دنیا کے اعلیٰ تعلیمی مراکز میں بھی نمایاں مقام حاصل کرے گی، ہم سب کے لیے خوشی کا لمحہ ہے ، آج دانش یونیورسٹی کے قیام کے لیے 100 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کے مختلف صوبوں میں اچھے تعلیمی مراکز موجود ہیں لیکن جدید اپلائیڈ سائنسز کے لیے کوئی مناسب ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایجوکیشنل سنٹر موجود نہیں ہے۔