وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا 30 جامعات کے 30 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 30 جامعات کے 30 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ دینے کا اعلان کیاہے۔سندھ حکومت، گوگل اور ٹیچ ویلی کے درمیان معاہدہ کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدکی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نےباضابطہ طور پر 30000 گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ کی 30 جامعات کے طلبہ کے لیے 30000 گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس اسکالرشپس کا آغاز کر دیا ہے۔حکومت سندھ ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر مندی میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔یہ اسکالرشپس ہمارے نوجوانوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ڈیجیٹل مہارتوں سے سندھ کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ان کاکہناتھاکہ آج ہم سندھ کے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب قدم اٹھا رہے ہیں۔ ڈیجیٹل مہارتوں کی ترویج کرتے ہوئے سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان اہم معاہدہ کیا گیا ہے۔