
مشیر چیئرمین پی سی بی عامر میر نے کہا کہ چیئرمین محسن نقوی کی ہدایت پر ٹیلنٹ ہنٹ شروع کیا جارہا ہے ،سکولز اور کالجز کے سٹوڈنٹس کے ٹرائلز لئے جائیں گے اور با صلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے گا ۔لاہور میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید اور دیگر آفیشلز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ہنٹ کا مقصد نئے آنے والے بچوں میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے ، اگلے ماہ سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا ،منتخب کھلاڑیوں کو ستمبر سے نومبر تک ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع دیا جائےگا۔ٹورنامنٹ کے انتظامات اور مالی معاونت پی سی بی کرے گا۔چیف آپریٹنگ آفیسرپی سی بی سمیر احمد سید نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سےپرائیوٹ اور پبلک سکولز کے دس ہزار کے قریب کھلاڑیوں کی صلاحیتیں دیکھی جائیں گی، پروگرام کے دوران میرٹ اور شفافیت کا خصوصی خیال رکھا جائے گا