ترسیلاتِ زر میں اضافہ اوورسیز پاکستانیوں کا حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دوست ممالک سے تعلقات میں بہتری اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور میڈیا کا اعتماد کا رشتہ ہے،حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کیلئے ضروری ہے،ملک میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے،حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستون ہونے پر یقین رکھتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اُڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے،اُڑان پاکستان منصوبے کو میڈیا اور اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے،پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 پر جہاں رک گئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔
شہباز شریف نے نشاندہی کی کہ دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے سے معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوا،برآمدات میں اضافہ اور صنعتی و زرعی شعبے کی ترقی بہترین پالیسیوں کی بدولت حاصل ہو رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا نفاذ بھرپور طریقے سے جاری ہے،کسٹمز کے نظام کی بہتری کیلئے فیس لیس اسیسمنٹ کا نظام شروع کیا جا چکا ہے جس سے محصولات میں اضافے کے ساتھ ساتھ شفافیت میں اضافہ اور کرپشن کے خاتمے میں معاونت ملے گی۔کسٹمز کے نظام میں اصلاحات سے پیٹرولیم مصنوعات،چینی،کھاد اور آٹا کی اسمگلنگ کی روک تھام سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیفالٹ کے خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتا ہے،ایسے عناصر کیلئے معاشی استحکام اور ترقی ہضم کرنا مشکل ہے،سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہیں۔