قدیم لاہوراورتاریخی ورثے کی بحالی وخوبصورتی،تجاوزات کے خاتمے کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نوازاورصدرمسلم لیگ نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس

یورپ میں صدیاں گزرنے کے باوجود پرانی عمارتیں اصل حالت میں موجودہیں۔ نوازشریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تاریخی ورثے کی بحالی اور محفوظ کرنے کے لئے لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول LAHR قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔نواز شریف “لہر” (LAHR ) کی سٹیرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے۔مسلم لیگ ن کے صدرمحمد نوازشریف نے کہا کہ پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے، اصل حالت میں بحال کیا جانا ضروری ہے۔تاریخی ورثے کی کھوئی ہوئی میراث واپس لانا قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دیا جائے۔ محمد نوازشریف نے کہاکہ شہروں کی اصل اور قدیم صورتحال میں بگاڑ پیدا کرنا مناسب طرز عمل نہیں۔یورپ نے اپنے شہروں کوصدیوں بعد بھی پرانی شکل میں بحال رکھاہے اوریورپ میں صدیوں گزرنے کے باوجود پرانے محلات اورعمارتیں اصل حالت میں موجود ہیں۔قومی ورثہ کو تباہ کرنا پسماندگی کے مترادف ہے۔ محمد نوازشریف نے کہاکہ لاہور کی قدیمی اور تاریخی حیثیت اور حالت بحال کرنے سے پاکستان بھر کے لوگ محظوظ ہوں گے۔تجاوزات کی وجہ سے اب کوئی تاریخی بازاروں میں جانا پسند نہیں کرتا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہاکہ قدیم لاہور کی بحالی پر کام کررہے ہیں۔ چند سال میں شہر کی اچھی شکل نظر آئے گی۔جگہ جگہ تجاوزات سے شہروں کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔مریم نوازشریف نے کہاکہ تاریخی عمارت کی بحالی کافی نہیں بلکہ اسے برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔