وزیراعظم نے بلنگ نظام میں شفافیت کیلئے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں لیسکو،پیسکو اور فیسکو کے امور زیر غور آئے
شہباز شریف نے بلنگ نظام میں شفافیت کیلئے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ کسی صورت قبول نہیں،اس معاملے میں ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کی تعیناتی میں غفلت برتنے پر تشویش کا اظہار کیا اور ڈسکوز کے سی ای اوز کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرت پر کی جائے،بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،نیپرا کے اہداف کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔