پاکستان
شرح سود میں 1 فیصد کمی،اسٹیٹ بینک کا اعلان

کراچی : اسٹیٹ بینک نے نئے سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا،شرح سود میں 1 فیصد کمی کر دی گئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شرح سود 13 سے کم کر کے 12 فیصد کر دی ہے،دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4 اعشاریہ 1 فیصد پر آ گئی تھی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی ہو رہی ہے،رواں ماہ مہنگائی میں مزید کمی ہو گی،رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کرنٹ اکاونٹ 1 ارب 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ملک میں مجموعی زرمبادلہ ذخائر 16 اعشاریہ 19 ارب ڈالر ہیں،مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر 11 اعشاریہ 44 ارب ڈالر ہو گئے۔
جمیل احمد کا کہنا تھا کہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 5 سے ساڑھے 7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے،رواں مالی سال شرح نمو ساڑھے 3 فیصد تک رہنے کی امید ہے۔