پاکستان

بلوچستان:جے یو آئی کی کال پر ہڑتال جاری ۔ لوگوں کوسخت مشکلات کاسامنا

بلوچستان میں  جے یو آئی کی کال پر ہڑتال جاری ہے جس کے باعث لوگوں کوسخت مشکلات کاسامنا ہے۔ بلوچستان کو باقی صوبوں سے ملانے والی تمام شاہراہیں بند ہیں اور ہر قسم کی ٹریفک اور تجارت معطل ہو گئی ہے۔اس وقت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 30سے زائد شہروں میں پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ پولیس اور لیویز حکام کے مطابق جے یو آئی کے کارکنوں نے بلوچستان کے تیس سے زائد شہروں میں صوبے کی تقریباً تمام بڑی قومی شاہراہوں کو ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا ہے۔ کوئٹہ کو افغانستان سے ملانے والی بین الاقوامی شاہراہ کو بلیلی، یارو، قلعہ عبداللہ، کوژک ٹاپ اور دیگر مقامات پر بند کیا گیا ہے۔ اسی طرح کوئٹہ کو ایران سے ملانے والی شاہراہ بھی نوشکی، دالبندین سمیت مختلف مقامات پر بند ہے۔ ہڑتال کی کال جمعیت علماء اسلام نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ میں پانچ جنوری کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج اور مبینہ دھاندلی کے خلاف دی ہے۔ احتجاج کی وجہ سے افغانستان اور ایران سے تجارتی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی معطل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے تاجروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کوئٹہ کو کراچی سے ملانےوالی شاہراہ مستونگ، قلات، خضدار، بیلہ اور حب کے مقامات پر بند کی گئی ہے۔ گوادر کو کراچی سے ملانے والی کوسٹل ہائی وے پر بھی مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ حلقہ پی بی 45 کوئٹہ پر عام انتخابات میں بھی جے یو آئی کے امیدوار عثمان پرکانی کی جیت کو شکست میں بدلا گیا اور جب سپریم کورٹ کے احکامات پر پندرہ پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ انتخاب ہوا تو ایک بار پھر یہ عمل دہرایا گیاہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

متعلقہ خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button