دفاع پاکستان

ایس ایس جی کادلیر سپوت۔میجرعلی رضا شہید

(تحریر:عبدالستاراعوان)سبزہلالی پرچم کارکھوالاایک اوربہادربیٹاوطن عزیز کادفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے قافلہ شہداء میں شامل ہو گیا۔مورخہ9اکتوبر2023ء کو اس خبر نے پوری قوم کو اداس کر دیا کہ پاک فوج کے کمانڈو میجر علی رضا اپنے ایک جوان حوالدار نثار احمد کے ہمرا ہ ژوب بلوچستان کے علاقہ سمبازہ میں دہشت گردوں کے خلاف”انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن“ کے دورا ن جام شہادت نو ش کرگئے ہیں۔اس کارروائی میں پانچ دہشت گرد بھی عبرت ناک انجام سے دوچار ہوئے۔پاک وطن کے ان بہادر بیٹوں کو آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز اور بھرپور عوامی جوش و جذبے کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔میجر علی رضاشہید کا تعلق شاہینوں کے شہر سرگودھا اور حوالدار نثار احمد کا تعلق میلسی ضلع وہاڑی سے تھا۔پاک فوج کے افسروں کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ کسی محفوظ مقام پر بیٹھ کر محض اپنے سپاہیوں کو ہدایات نہیں دیتے بلکہ اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ دشمن کے خلاف فرنٹ پر لڑتے ہیں۔ا س کارروائی میں بھی میجر علی رضا نے بڑی جرات اور دلیری کے ساتھ سب سے آگے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
میجر علی رضا 1992ء میں شاہ پور شہر،تحصیل شاہ پورصدر ضلع سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد گرامی سید عاشق حسین ایک محب وطن انسان تھے۔سید عاشق حسین کو اللہ کریم نے تین بیٹوں سید آفتاب رضا،سید آصف رضا، میجر علی رضا اور ایک بیٹی سے نوازا۔علی رضا سب سے چھوٹے بیٹے تھے۔ شہید کی والدہ صاحبہ غلام سکینہ اپنے جوان بیٹے کی شہادت پر بہت زیادہ افسردہ و دل گرفتہ ہیں۔ ظاہر سی بات ہے کہ یوں جگر کے ٹکڑے پال پوس کر سبزہلالی پرچم کی آن بان پر نچھاور کر دینا آسان کام نہیں ہوتا۔ یہ دھرتی کی ان ماوں کا ہی حوصلہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قربان کر کے بھی وطن کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگتی ہیں۔ بچوں کی جدائی کا دُ کھ انہیں اندر ہی اندر سے کھوکھلا ضرور کردیتا ہے لیکن وہ اپنے وطن سے شکوہ ہرگز نہیں کرتیں۔میجر علی رضاشہید کی اولاد نہیں تھی اور ان کی بیوہ بھی غم کی تصویر بن چکی ہیں۔شہید کی والدہ اور ان کی بیوہ کا دُکھ دیکھا نہیں جاتااور نہ ہی غم و اندوہ کی اس کیفیت کو قرطاس پر منتقل کیاجاسکتا ہے۔
میجر علی رضا کے والد سید عاشق حسین نے 2008ء میں وفات پائی۔ جب اللہ تعالیٰ نے انہیں تین خوبصورت بیٹوں سے نوازا تو پھر ان کے اندر جذبہ عودآیا کہ کم از کم ان کے ایک بیٹے کو تو پاک فوج میں جانا چاہیے لیکن قسمت نے موقع نہ دیا اور وہ اپنی آنکھوں سے یہ خواہش پوری ہوتی نہ دیکھ سکے۔ان کی وفات کے بعد ان کے چھوٹے بیٹے میجر علی رضا جو اپنے والد کے سب سے لاڈلے بھی تھے‘ ان کے ذہن میں ایک ہی بات سما گئی تھی کہ میں فوج میں ضرور جاؤں گا اور اپنے مرحوم والد کی تمنا پوری کروں گا۔میجر علی رضا کے ماموں حوالدار(ر) صداحسین بھی پاک فوج میں خدمات انجام دیتے رہے‘ یوں ان کے خاندان کے اندر کہیں نہ کہیں پاک فوج جوائن کرنے کاجذبہ موجود رہا۔2013ء میں اللہ نے انہیں کامیاب فرمایا۔ وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول پہنچ گئے اور انہوں نے ٹریننگ کے بعد سخت جان گروپ ”انفینٹری“کاانتخاب کیا۔ علی رضا نے اسی پر ہی بس نہیں کیا اور مسلسل اس کوشش میں رہے کہ مجھے موقع ملے تو ایس ایس جی کمانڈو بن جاؤں۔
شہید کے بڑے بھائی سید آفتاب رضا نے راقم سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ”میجر علی رضانے میٹرک کاامتحان سروش پبلک سکول سیالکوٹ سے اچھے نمبروں سے پاس کیا اور انٹرمیڈیٹ پنجاب کالج سیالکوٹ سے کیا۔ اس کے بعد فوجی سروس کے دوران آپ نے گریجوایشن کا امتحان پاس کیا۔علی رضا نے 2013ء میں 132پی ایم اے لانگ کورس کے ذریعے پاک فوج میں شمولیت اختیارکی۔دوسال پر محیط عسکری تربیت آپ نے بڑی لگن اور جذبے کے ساتھ مکمل کی اور پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد آپ نے اپنی مرضی سے انفینٹری کاانتخاب کیا اور 12پنجاب رجمنٹ کاحصہ بن گئے۔ا ٓپ نے اس لیے انفینٹری کا انتخاب کیاتھا کہ آپ باقاعدہ پیدل لڑاکا فورس کا حصہ بننا اپنے لیے باعث فخر سمجھتے تھے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت حاصل کرنے کے بعد آپ کی پہلی پوسٹنگ پشاور میں ہوئی۔اس کے بعد آپ مختلف ادوار میں چراٹ،سیالکوٹ،منگلا اور کوئٹہ میں فرائض انجام دیتے رہے۔میجر علی رضا کو کھیلوں سے بھی خصوصی دلچسپی تھی۔والی بال کے اچھے کھلاڑی تھے اور بڑھ چڑھ کر مختلف میچز میں حصہ لیتے۔ میجر علی رضا 2018ء میں ایس ایس جی میں شامل ہوئے اور چراٹ ٹریننگ سنٹر میں کمانڈو کی خصوصی تربیت حاصل کرنے کے بعد ”ون کمانڈوکمپنی“کا حصہ بن گئے۔ شہید کے بڑے بھائی آفتاب رضا بتا رہے تھے کہ جب بھائی کے سینے پر ”کمانڈو“کا بیج لگا تو ہماری والدہ بہت زیادہ خوش ہوئیں اور وہ فخر سے بتایا کرتیں کہ ”میرا بیٹا اب کمانڈو بن گیا ہے“۔ایک مرتبہ ان کی والدہ نے خود ان کے سینے پر ایس ایس جی کا بیج بھی لگایاتھا۔علی رضا نے تربیت کے دوران پیراٹروپر کی خصوصی تربیت بھی حاصل کی۔آپ پیراشوٹ سے چھلانگ لگانے میں بڑی مہارت رکھتے تھے“۔
آفتاب رضا بتا رہے تھے کہ”جب علی رضا کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی تو ہم سب بہن بھائی اپنی والدہ کے ساتھ پی ایم اے گئے۔وہ ایک بڑا یادگار دن تھا،علی رضااپنی اجلی خوبصورت یونیفارم میں بہت ہی بھلے لگ رہے تھے۔علی رضا پی ایم اے کاکول سے فارغ ہو کر سیکنڈ لیفٹیننٹ بنے تو اس روز ہمارے گھر میں جشن کا سماں تھا۔علی رضا کو آرمی میں سب سے پہلا رینک میں نے لگایا تھا اور کیپٹن،میجر کے رینکس ہماری والدہ نے لگائے تھے۔میجر علی رضا کی یونٹ کے افسروں اورجوانوں نے شہید کے ورثاء کو بتایا کہ پوری یونٹ میں انہیں نہایت قدر کی نظر سے دیکھاجاتا۔ وہ ایک بہترین اوربروقت فیصلہ کرنے والے فوجی افسر تھے۔ یونٹ میں ان کی بڑی عزت تھی“۔
ایک سوال پر کہ میجرعلی رضا 12پنجاب رجمنٹ سے ایس ایس جی کی طرف کیوں چلے گئے تھے؟اس پر آفتاب رضا نے بتایا کہ ”دراصل علی رضا کی اپنی خواہش تھی کہ میں کمانڈو بنوں۔فوجی حضرات کو اس کا بہتر علم ہے کہ آرمی میں زبردستی کسی کو بھی ایس ایس جی میں شامل نہیں کیاجاتا۔صرف انہی افسروں اور جوانوں کو کمانڈوکی ٹریننگ دی جاتی ہے جو اپنے جذبے کے تحت ایس ایس جی کا انتخاب کرتے ہیں۔یوں ہمارے بھائی کی خواہش بھی انہیں کمانڈو گروپ میں لے گئی“۔
میجر علی رضا شہید کے ایک فوجی ساتھی نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے میجرعلی رضا کو گولیاں لگیں تو ان کے آخر ی الفاظ یہ تھے:”میرے گھر والوں اوربیوی کو بتاناکہ میں بڑی بہادری کے ساتھ لڑا ہوں“۔میجر علی رضا کے ایک اور دوست نے بتایا کہ”وہ اپنی فٹنس کا بہت خیال رکھتے۔ان کی اپنے پروفیشنل کاموں میں بھی بہت زیادہ دلچسپی تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں اور بھی کافی چیزوں سے دلچسپی تھی۔ مثلا ًانہیں جو گھر الاٹ ہوا تھا اس کی دیواریں انہوں نے خود بڑی نفاست سے پینٹ کروائی تھیں، ان کا ڈرائنگ روم بھی بہت شاندار تھا۔ان سب چیزوں سے ان کے عمدہ ذوق کا پتہ چلتا ہے۔وہ ایک تخلیقی ذہن کے انسان تھے۔گھر کے فرنیچر سے لے کر پینٹنگ تک سبھی کا انتخاب وہ خود کرتے۔وہ ایک اچھے دوست اور ایک بہترین محافظ وطن تھے۔اللہ کریم انہیں غریق رحمت فرمائیں۔آمین“
میجر علی رضا شہادت سے تین چار ماہ قبل چھٹی پر گھر آئے اوراہل خانہ کو بلوچستا ن میں جاری دہشت گردی کی لہر اور مختلف متاثرہ علاقوں کے متعلق آگاہ کرتے رہے۔شہید کے بھائی آفتاب رضا نے بتایا کہ علی رضا مجھ سے چار سال چھوٹے تھے۔ ہم دونوں بھائیوں میں بہت زیادہ محبت تھی۔میں تو کہتاہوں کہ علی رضا میرا چھوٹا بھائی بھی تھا اور بالکل میرے بیٹوں جیساتھا۔والدصاحب کی وفات کے بعد میں نے اپنے بیٹے کی طرح اس کا خیال رکھااور اس نے بھی مجھے بہت زیادہ عزت اوراحترام دیا۔ انتہائی عاجزی اورادب کے ساتھ میری ہر بات مانتا۔ان کے بھائی نے بتایاکہ میری عادت تھی کہ گھریاخاندان کے حوالے سے کوئی بھی اہم بات ہوتی تو میں علی رضا سے مشور ہ ضرور کرتا۔ شہادت سے صرف چند گھنٹے قبل میں نے اسے کال کرکے اس کی خیریت دریافت کی اورپھر اسے ایک مسئلہ سے آگاہ کیا اور اس سے رائے لینا چاہی تو وہ کہنے لگا ”بھائی جان!آپ ہمارے بڑے ہیں۔ میری وہی رائے ہے جوآپ کی ہوگی۔ آپ جو بھی فیصلہ کریں گے،میں ہمیشہ کی طرح اس فیصلے کی تائید کروں گا“۔بس یہ میری ان سے آخری بات تھی اور پھر…….چندگھنٹے ہی گزرے تھے کہ مجھے ان کی شہادت کی اطلاع مل گئی۔
آفتاب رضا کہنے لگے کہ میں اُس گھڑی کا وہ دُکھ آپ سے شیئر نہیں کر سکتا جب مجھے بھائی کی شہادت کی اطلا ع ملی۔میری وہ جو ایک کیفیت تھی اسے لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔9اکتوبر کی سہ پہر دو بجے ان کی یونٹ سے کال آئی کہ میجر علی رضا دہشت گردوں کے خلاف ایک معرکے میں جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔پھر کچھ دیر بعد ہی میڈیا پر بھی خبریں چلنا شروع ہوگئیں۔میجر علی رضا شہید کاجسدخاکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ژوب سے پی اے ایف ایئر بیس سرگودھا اور پھروہاں سے گاؤں لایا گیا۔ان کی نماز جناز ہ میں پاک فوج کے افسروں،جوانوں،معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورانہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔دعا ہے کہ اللہ کریم میجر شہید کی والدہ،بہن بھائیوں اور بیوہ کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔آمین۔
بلاشبہ غیر ملکی ایجنٹوں اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر علی رضا جیسے افراد ہمارے قومی ہیرواورا صل سرمایہ ہیں۔ہمارے یہ محافظ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کے آگے حقیقی معنوں میں ایک آ ہنی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ان کی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کی بدولت دہشت گردی کی لعنت ختم ہو جائے گی اور پاک دھرتی کے چپے چپے پر ایک بار پھر امن کا جھنڈابلند ہوگا۔دشمن کے مذموم ارادے خاک میں مل جائیں گے اور سبزہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ قیامت کی صبح تک لہراتا رہے گا۔ان شاء اللہ۔

متعلقہ خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button