وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی توسیع کے بعدپہلا اجلاس۔اہم فیصلےکیے گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔یہ وفاقی کابینہ میں حالیہ توسیع کے بعد پہلا باضابطہ اجلاس تھا۔وزیراعظم نے نئے کابینہ اراکین کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وفاقی کابینہ نے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجینسی رسپانس ٹیکنیکل ٹیم/کوآرڈینیشن سینٹر آف چائنہ کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے اقوام متحدہ کی انٹر نیشنل ٹیلی کام یونین اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، حکومت پاکستان کے درمیان آئی ٹی یو ایکسلیریٹر سینٹر کے قیام کے حوالے سے معاہدے کی بھی منظوری دے دی۔