حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پولیو نے ایک بار پھر سر اٹھایا، انہوں نے یقین دلایا کہ مربوط حکمت ِعملی اور غیر معمولی مشترکہ کوششوں سے ملک سے اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو اس موذی وائرس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی ادارہ صحت اور گیٹس فاؤنڈیشن سمیت دیگر شراکت داروں کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے تعاون کے بغیر اس موذی وائرس کا خاتمہ ممکن نہیں۔