چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے عیدالفطرجنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جوانوں کے ساتھ منائی


چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چکّن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحد پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ آرمی چیف نے عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔دورے کے دوران آرمی چیف نے جوانوں کو عیدالفطر کی پرخلوص مبارکباد پیش کی اور ان کی بے لوث قربانیوں اور مثالی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ کی وابستگی اور استقامت نہ صرف ہمارے وطن کی سلامتی کو یقینی بناتی ہے بلکہ پاکستان سے آپ کی گہری محبت کا مظہر بھی ہے۔‘‘ انہوں نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) اور خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کی تعریف کی، جنہوں نے ہمیشہ دہشت گردی کے ناسور کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔آرمی چیف نے فارمیشنز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابیوں کو ہمارے شہداء کی قربانیوں اور امن و استحکام کے عظیم مقصد کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔