معروف صحافی محمد نواز رضا کی کتاب”مرد آہن محمد نواز شریف ” شائع ہو گئی


یہ اہم کتاب حاصل کرنے کے لیے قلم فاؤنڈیشن سے اس نمبرپررابطہ کیاجاسکتاہے
0515101 0300
معروف صحافی، کالم نگار اور مصنف محمد نواز رضا کی نئی کتاب ” مرد آہن محمد نواز شریف ” شائع ہو کر مارکیٹ میں آگئی ہے۔ جسے پاکستان کے معروف اشاعتی ادارے قلم فاونڈیشن انٹر نیشنل نے چیئر مین ادارہ علامہ عبد الستار عاصم کی نگرانی میں اہتمام کے ساتھ شائع کیا ہے ۔ محمد نواز رضا کا شمار پاکستان کے اُن معروف اور قابل صحافیوں میں ہوتا ہے جن کے بغیر پاکستان کی صحافتی تاریخ مکمل نہیں ہوتی ۔ صحافت کی دنیا میں انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے جس وقار اور بردباری سے صحافت میں اپنا نام ، مقام اور مرتبہ بنایا ہے اس کی بنیاد ان کے قلم کی سچائی پر ہے ۔ انہوں نے جو کچھ بھی لکھا وہ اپنے زندہ ضمیر کی آواز پر رقم کیا ۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں شہر اقتدار کی صحافت میں انتہائی اہم مقام حاصل ہے اور ان کی خبر، تجزیے اور تبصرے کو مستند سمجھا جاتا ہے۔مردِآہن ان کی پانچویں کتاب ہے، جو اشاعتی ادارے قلم فاونڈیشن نے شائع کی ہے ۔ اس سے قبل روداد سیاست کے عنوان سے تین کتابیں اور معروف سیاستدان چوہدری نثار علی خان کے حوالے سے ایک کتاب شائع ہو کر قبولیت کی سند پا چکی ہیں ۔ محمد نواز رضا نے 1986 ء میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (دستور) کی بنیاد رکھی ۔ اور اس کے پہلے سیکر ٹری جنرل منتخب ہوئے ۔ پھر تین بار صدر رہے آپ 16 سال مسلسل راولپنڈی / اسلام آباد پریس کلب کے صدر بھی رہے ۔ زیر تذکرہ کتاب پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پر لکھے گئے محمد نواز رضا کے ان کالموں کا مجموعہ ہے جو روزنامہ جنگ میں شائع ہوتے رہے ۔ نواز رضا کی خوبی یہ ہے کہ نواز شریف سے بہت قریب رہنےاور ان سے ذاتی تعلقات ہونے کے باوجود انہوں نے کبھی کسی طرح کا مالی یا سیاسی فائدہ ان کے دور اقتدار میں بھی نہیں اٹھایا ۔ بلکہ جہاں انہوں نے نواز شریف کے ملکی مفاد میں کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ان کے کاموں کی تعریف کی ، وہیں جب انہیں وزیر اعظم کی سیاست سے اختلاف رائے ہوا انہوں نے لگی لپٹی کےرکھے بغیر کُھل کر تنقید بھی کی ۔ اس اہم کتاب کے حصول کے لیے قلم فاؤنڈیشن سے اس نمبرپررابطہ کیاجاسکتاہے۔
0515101 0300