وزیر اعظم اور وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا کی لوئر کرُم میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا نے لوئر کُرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈپٹی کمشنر کُرم جاوید اللہ محسود سمیت دیگر زخمیوں کیلئے دعا کی اور کہا کہ فائرنگ کے ذریعے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کیخلاف برِپیکار ہیں،امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور نے اعلٰی حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی،انہوں نے ڈی سی کُرم اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کُرم امن معاہدے کے بعد ایسا نا خوشگوار واقعہ قابلِ افسوس ہے۔
وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا کا کہنا تھا کہ امن کیلئے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی،فائرنگ میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ ان شر پسندوں کی کارستانی ہے جو کُرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے،حکومت امن کی بحالی اور عوام کو درپیش مشکلات حل کرنے کیلئے پُر عزم ہے،واقعہ سے حکومت اور عمائدین کی قیامِ امن کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختو نخوا فیصل کریم کُنڈی سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے بھی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔