مولانا فضل الرحمن سے دیرینہ نیاز مندی ہے، سیاست میں مولانا کاکردار قابل تعریف ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمن کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبرپختونخوا خصوصاً کرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمن نے امدادی اشیاء کے قافلوں کی پارا چنار آمد پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کرم میں قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ہے۔ بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا، صورتحال کی بہتری کیلئے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے دیرینہ نیاز مندی ہے اور پاکستان کی سیاست میں مولانا فضل الرحمن کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔