بجلی صارفین ریلیف کے منتظر!
(رحمت خان وردگ)
سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان میں تمام گھریلو‘ کمرشل اور صنعتی صارفین کے لئے بجلی 26 روپے فی یونٹ مقرر کی جائے۔ اس حوالے سے انہوں نے سری لنکا‘ بنگلہ دیش‘ بھارت اور مصر کی مثالیں بھی پیش کیں کہ کس طرح سے وہاں بجلی کا ٹیرف کم ہے۔ گوہر اعجاز کا بیان قابل ستائش ہے اور انہوں نے حکومت پاکستان سے آئی پی پیز سے نئے معاہدے کرکے جتنی بجلی خرچ کی جائے اتنی ادائیگی کرنے کا پابند ہونے کی بات کی۔ 26 روپے یونٹ فکس ریٹ مقرر ہونے سے یقینی طور پر صنعتی و زرعی ترقی ہوگی اور بند کارخانے بھی کھل جائیں گے اور کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ سلیب کے گورکھ دھندے کو ختم کرکے یکساں ریٹ پر بجلی دینے سے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کی کیفیت ختم ہونے کے ساتھ ساتھ کاروبار میں اضافے سے حکومتی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ گوہر اعجاز جب نگراں حکومت میں تھے تب بھی انہوں نے اس پر زور دیا اور اب بھی ان کا ملکی مفاد میں جائز مطالبہ ہے۔ یہ بات حقیقت ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 2سال میں بجلی بلوں میں چار گنا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ عام آدمی کی آمدن میں اس شرح سے اضافہ نہیں ہوا بلکہ بجلی کے ٹیرف میں ناقابل برداشت اضافہ ہونے سے بند ہونے والی فیکٹریوں‘ کارخانوں اور زرعی ٹیوب ویلوں کی بندش سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں جس سے ملک بھر میں آئے روز یہ خبریں آتی ہیں کہ فلاں شہر میں بزرگ خاتون نے زائد بجلی بل کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی اور فلاں شہر میں بجلی کا زیادہ بل آنے پر بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا۔ فلاں شہر میں بجلی بل سے پریشان شخص نے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ معاشرہ معاشی بدحالی کے باعث پریشانی کا شکار ہے اور بجلی ٹیرف ہے کہ ایک جگہ رکنے کا نام تک نہیں لے رہا اور ہر ہفتے دس دن میں بجلی ٹیرف میں مزید اضافے کی خبر آجاتی ہے۔ عوام تو پہلے ہی مہنگی ترین بجلی سے پریشان ہیں۔ مہنگی ترین بجلی بھی بلاتعطل دستیاب نہیں ہے۔ کئی علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ 12-14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور گرمی سے لوگ الگ بے حال ہوتے ہیں۔ موجودہ صورتحال عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کرتی چلی جارہی ہے۔
اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے آئی پی پیز کے معاہدوں میں نظرثانی کی کوشش کرکے بجلی ٹیرف کے سلسلے میں حکومت کو تجویز پیش کرنی تھی اور پھر وزیراعظم تمام ممکنہ حد تک عوام کو ریلیف دیتے۔ آئی پی پیز سے کئے گئے معاہدے ملک دشمنی ہے اور جس جس نے بھی آئی پی پیز سے موجودہ معاہدے کئے ہیں وہ ملک اور عوام کے بدترین دشمن ہیں اور ملک میں ظالمانہ بجلی ٹیرف سے ہونے والی اموات کا ذمہ بھی انہی کے سر جاتا ہے۔ آئی پی پیز کی فی یونٹ لاگت کے بارے میں بھی مبینہ طور پر مختلف اعداد و شمار سامنے آتے رہتے ہیں جس میں فی یونٹ لاگت 8 روپے سے لیکر 15روپے تک بتائی جاتی ہے لیکن عوام کو 60 روپے یونٹ فروخت کئے جانے والے یونٹ پر کون نوٹس لے گا؟ حکومتی اتحادی جماعتیں تو الیکشن مہم میں 300 یونٹ فری بجلی کی بات کرکے اقتدار میں آئی ہیں۔ اگر آپ ملک کی معاشی صورتحال کے ہاتھوں مجبور ہوکر 300یونٹ فری بجلی نہیں دے سکتے تو کم از کم بجلی ٹیرف تو فوری طور پر کم کریں۔ عوام آپ سے فری بجلی نہیں بلکہ مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کررہے ہیں۔گھریلو صارفین بجلی بلوں سے پریشان ہیں اور مشترکہ خاندانی نظام کے تحت رہائش پذیر گھرانوں میں آپس میں بھائیوں میں مہنگی بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر ناچاقی کے واقعات معاشرے میں پھیلی بے چینی کی عکاسی کرتے ہیں۔ کئی دکانیں مہنگی بجلی کے باعث بند ہوتی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ کارخانوں کی بندش سے لاکھوں افراد کے بے روزگار ہونے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ بجلی پر چلنے والے زرعی ٹیوب ویل مالکان ناقابل برداشت بجلی بلوں سے اس قدر پریشان ہیں کہ انہوں نے زمینوں پر کاشتکاری ترک کردی ہے کیونکہ وہ لاکھوں روپے بجلی کے بل ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ مہنگی بجلی سے پورے ملک کا ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔
2001ء سے 2007ء تک ٹیوب ویلوں کے لئے بجلی فلیٹ ریٹ پر دستیاب تھی اور کسان دن رات محنت کرکے ملک کو خوراک میں خودکفالت تک پہنچانے کے لئے برسرپیکار تھے۔ یہ وہی دور تھا جب پاکستان پہلی بار گندم برآمد کرنے کے قابل ہوا۔ اس سے قبل تو پاکستان ہمیشہ انتہائی غیر معیاری گندم درآمد کرتا تھا جس کی بیرون ملک خریداری سے لیکر شپمنٹ‘ ٹرانسپورٹ سمیت ہر شعبے میں بھاری کرپشن کی جاتی تھی اور ایسی گندم درآمد کی جاتی تھی جو وہاں کے جانور بھی نہیں کھاتے تھے۔ زرعی ٹیوب ویلوں کو فلیٹ ریٹ پر بجلی ملنے سے ہی پاکستان خوراک میں خودکفیل ہوا۔ اب بھی زرعی و صنعتی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ٹیوب ویلوں کو بجلی فلیٹ ریٹ پر دی جائے اور ملک بھر میں ہر طرح کے صارفین کا یکساں بجلی ٹیرف ہو۔
آئی پی پیز کو رضاکارانہ طور پر پاکستان کے عوام پر رحم کرکے ٹیرف پر نظرثانی کردینی چاہئے اور جائز طریقہ کار اور جائز منافع سے پاکستان میں کاروبار کیا جانا چاہئے۔ مبینہ طور پر کہا جاتا ہے کہ بند تھرمل پاورز کو ماہانہ اربوں روپے کی ادائیگیاں ہوتی رہی ہیں۔ آئی پی پیز کے سربراہوں اور کرتا دھرتا لوگوں نے وطن عزیز پاکستان سے اربوں کھربوں روپے کمائے ہیں اور اب بھی کم منافع پر ان کی کمائی جاری رہے گی۔ وہ عام آدمی کی حالت پر ترس کھائیں اور رضاکارانہ طور پر بجلی ٹیرف میں کمی کا اعلان کریں۔ قومی خزانے پر توانائی کے شعبے کا سب سے زیادہ دباؤ ہے۔ حکومتی خزانے پر بننے والے توانائی سیکٹر کے ناجائز معاہدوں کے بوجھ کو براہ راست عوام پر منتقل کرنے کا سلسلہ چلتے چلتے اب یہاں تک آپہنچا ہے کہ عوام کی برداشت کی حد ختم ہوتی چلی جارہی ہے۔ حکومتی خزانے پر ناجائز اور ظالمانہ آئی پی پیز کے معاہدوں کے بوجھ کو عوام نے نہیں بلکہ حکمرانوں نے خود ختم کرنا ہے اور اس سلسلے میں تیز پیشرفت کی ضرورت ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ سستے ترین ہائیڈل پاور جنریشن کے پاکستان میں موجود قدرتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے مقامی نوجوان انجنیئرز کے ذ ریعے جامع منصوبہ تیار کرکے ہائیڈل پاور جنریشن کو اولین ترجیح پر رکھنا ہوگا۔ ہماری اب تک کی سب سے بڑی بدقسمتی بھی یہی ہے کہ ہم نے ملک میں قدرتی بے شمار آبی وسائل کو ضائع کیا ہے اور اس کو نہ تو ہائیڈل پاور جنریشن میں استعمال کیا ہے اور نہ ہی زراعت میں موثر طریقے سے استعمال کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں بلکہ ان قدرتی آبی وسائل کا استعمال کرکے عام آدمی کو سیلاب سے تباہ کرنے کا ذریعہ بنے ہیں اور پھر ہر چند سال بعد سیلاب متاثرین کے لئے امداد لینے کے سوا ہم نے قدرتی آبی وسائل سے کوئی استفادہ نہیں کیا۔ اس کے ایوب خان کے بعد سے اب تک اقتدار میں آنے والے سب حکمران برابر ذمہ دار ہیں جنہوں نے اس قوم پر ظلم کیا ہے اور پھر آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کرنے والوں نے تو اس ملک پر ظلم کی انتہاء کرکے رکھ دی ہے جس سے عام آدمی کے منہ سے نوالا تو پہلے ہی چھن چکا تھا اب لوگ بجلی بل بھرنے کے لئے اپنے اثاثے بیچنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ 200یونٹ‘ 300یونٹ اور اسی طرح کے مختلف ٹیرف سلیب کو ختم کیا جائے اور فی یونٹ بجلی کی فکس قیمت کا اعلان کرکے جو ماہانہ جتنے یونٹ استعمال کرے‘ اسی حساب سے بجلی کا بل آنا چاہئے۔ بجلی ٹیرف میں سیلب کا گورکھ دھندہ عوام کو لوٹنے کا ایسا طریقہ ہے کہ جس نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا تھا اب تو بڑے بڑے کاروباری افراد اور فیکٹری مالکان بھی چکرا گئے ہیں۔ بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویل مالکان کو تو راستہ نظر نہیں آرہا کہ کدھر جائیں؟
ملک کو موجودہ حالات تک لے جانے کی یقیناً کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کو قطعی تیار نہیں ہوگا لیکن اب تک اقتدار کے مزے لینے والے سب حکمران اس کے برابر ذمہ دار ہیں جنہوں نے ملک کے عوام کو دلدل میں دھکیل دیا ہے اور خود شاہانہ زندگی کے مزے لے رہے ہیں۔ عوام اپنے دکھوں کے مداوے کے لئے کس کی طرف دیکھیں؟ تمام ارباب اختیار اس قوم کی حالت پر رحم کریں اور ناقابل برداشت بجلی ٹیرف میں کمی اور سلیب کے گورکھ دھندے سے نجات دلائی جائے۔ اس سلسلے میں تمام ممکنہ طریقوں پر سوچ بچار کرکے فیصلے کئے جائیں۔ آئی پی پیز سے کئے گئے معاہدوں کا پاکستان پابند ہے اسی لئے اگر معاہدے کے مطابق بھی کوئی غبن و ناجائز طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے تو اس کا احتساب ضرور کیا جاسکتا ہے اور اس جرم میں آئی پی پی کے خلاف کارروائی و جرمانہ ہوسکتا ہے۔بجلی بل سے تمام وفاقی و صوبائی ٹیکس ختم کئے جائیں جس سے یقینی طور پر عوام کو واضح ریلیف ملے گا۔ حکمران طبقہ سستے ترین ہائیڈل پاور جنریشن کو پہلی ترجیح پر رکھ کے بجلی کی پیداوار کے لئے آبی وسائل سے استفادہ اپنا مشن بنائیاور مستقبل قریب میں سستی بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔