حکومت 10 روپے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی خواہش مند۔ مختلف آپشنز زیرغور
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت سستی بجلی کے لیے ونٹربجلی سہولت پیکج میں توسیع کا جائزہ لے رہی ہے جب کہ بجلی بلوں پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنےکی بھی تجویز زیر غور ہے، وفاقی حکومت سالانہ 800 ارب روپے سےزائد بجلی بلوں پر ٹیکسوں سے حاصل کرتی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ان تمام اقدامات سے حکومت 10 روپے فی یونٹ تک بجلی سستی کرنا چاہتی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا پہلا آپشن آئی پی پیز سے بات چیت کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے، 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرکے حکومت کو مجموعی طورپر 411 ارب روپے کی بچت ہوگی اور یہ بچت سالانہ 70 ارب روپے بنے گی۔ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہےکہ بگاس کے 8 پاورپلانٹس کا ٹیرف تبدیل ہونے سے 238 ارب روپے کی بچت ہوگی، یہ بچت سالانہ 8 ارب 83 کروڑ روپے بنتی ہے، مزید 16 آئی پی پیز سے معاہدوں کے نتیجے میں 481 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، آئی پی پیز معاہدوں کےخاتمے یا ان میں تبدیلی کا فائدہ صارفین کو دیا جائے گا۔