کالم

الخدمت فاونڈیشن: خدمت اور انسانیت کا روشن مینار

(اسداللہ غالب)

پاکستان کے رفاہی اور فلاحی اداروں میں الخدمت فائونڈیشن ایک نمایاں مقام رکھتی ہے جو ہر خاص و عام کی زبان حال و قال اس کی بے مثل کارکردگی بیان کررہی ہے۔ بالخصوص 2024 ء میں یہ تنظیم اپنی غیرمعمولی کارکردگی کی بنا پر عوامی توجہ کا مرکز بنی رہی۔  الخدمت کی خدمات کا دائرہ انتہائی وسیع اور زندگی کے تمام میدانوں پر محیط ہے جس سے اس کی افادیت لاکھوں افراد کی انفرادی و اجتماعی زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ بے شک الخدمت فائونڈیشن نے گزشتہ سال صحت کے شعبے میں بھی مثالی کام انجام دیا۔ 56 اسپتالوں، 48 میڈیکل سینٹرز اور 1351 میڈیکل کیمپس کے ذریعے ایک کروڑ 4 لاکھ 28 ہزار 673پاکستانیوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیزپر فراہم کیں۔ یہ خدمات پاکستان کے ایسے دور درازپسماندہ علاقوں تک بھی پہنچائی گئیں، جہاں جدید طبی سہولیات حتیٰ کہ حکومتی محکموں تک کی رسائی ممکن نہیں تھی۔  اس کے علاوہ 300 ایمبولینسز اور 65 فارمیسیز نے طبی امداد کو یقینی بنایا۔
قومی زندگی میں تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت نے غریب اور مستحق بچوں بچیوں کے لیے 64 اسکول اور 326 اسٹڈی سینٹرز قائم کررکھے ہیں، جہاں 20615 طلبہ کو انتہائی معیاری تعلیم حتی المقدور ہر ممکنہ اعلیٰ سہولتوں کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 86چائلڈپروٹیکشن سنٹرزکے ذریعے ورکشاپس،کوڑاجمع کرکے اور دیگر ذرائع سے اپنارزق تلاش کرنے والے معصوم چھوٹے بچوں کو، جنھیں معاشرہ اوئے چھوٹے کہہ کر حقارت اور جبر کی نظروں سے دیکھتا ہے، ان کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیاجارہا ہے۔ ا لخدمت کے 99 اسکل ڈویلپمنٹ سینٹرز بھی نوجوانوں کو ہنر سکھا کر خودکفیل بنانے میں مستعدی سے اہم قومی کردار ادا کررہے ہیں۔
 الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ پروگرام کے تحت 1341مستحق طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی گئی تاکہ کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کی بناء پر تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ’ بنوقابل‘‘ پروگرام الخدمت کامنفردآئیڈیاتھا جس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کوامیدملی، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کوآئی ٹی سمیت 28 کورسز کروائے جارہے ہیں، کراچی سے شروع ہونے والے اس انقلاب آفریںپروگرام کادائرہ کار پاکستان بھر کے 19شہروں میں پھیل چکاہے، جسے بتدریج پورے پاکستان میں پھیلایاجارہاہے، 87اسکل سنٹرزمیں 435ٹرینرز فرائض سرانجام دے رہے ہیں، اب تک50ہزار800نوجوان کورسزمکمل کرکے اس اسکل کواپناذریعہ معاش بنائے ہوئے ہیں۔ مستقبل قریب میں الخدمت فائونڈیشن دو سال کے دوران 10لاکھ نوجوانوں کوفری آئی ٹی کورسزکروانے کا  ہدف رکھتی ہے جس سے پاکستان میں بے روزگاری کے خاتمے میں بہت مدد ملے گی اور پاکستان کی آئی ٹی و دیگر برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
صاف پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے مگر ہمارے ملک کے بیشتر علاقوں میں صاف پانی ملنا محال ہے۔ پسماندہ اضلاع میںمرد و خواتین دور دراز دیہات اور پہاڑی مقامات پر جاکر صاف پانی حاصل کرپاتے ہیں۔ الخدمت نے اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے 277 فلٹریشن پلانٹس، 16726 ہینڈ پمپس اور 3025 کنوئیں قائم کیے ہیں۔ ان منصوبوں کی بدولت 69لاکھ13ہزار750 افراد کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوئی۔ یہ خدمات خاص طور پر ان علاقوں میں فراہم کی گئی ہیں جہاں پانی کی قلت ایک بڑا مسئلہ تھا۔
یتیم بچوں کی کفالت الخدمت کا ایک اور اہم قابل ِ ذکر شعبہ ہے۔ چاروں صوبوں کے 22 آغوش ہومز میں 2059 یتیم بچے انتہائی محفوظ اور پرسکون ماحول میں پرورش پا رہے ہیں جبکہ 29926 یتیم بچوں کی اپنے گھروں میں مالی اور تعلیمی معاونت جاری ہے۔ یہ بچے نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا رہے ہیں بلکہ مستقبل میں قوم کے کارآمد شہری بننے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔ رمضان کے مقدس مہینے میں 2024ء کے دوران الخدمت فائونڈیشن نے مستحقین میں 123852 فوڈ پیکیجز تقسیم کیے جبکہ عیدالاضحی کے موقع پر3لاکھ10ہزار245 غریب خاندانوں میں قربانی کاگوشت تقسیم کیاگیا۔ یہ خدمات ان خاندانوں کے لیے راحت کا باعث بنیں جو معاشی تنگدستی کا شکار ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے مختلف سماجی خدمات کے ذریعے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو سہارا دیا۔ ان خدمات میں قیدیوں کی بہبود، ونٹر پیکیجز اور اقلیتی برادریوں کے لیے دیوالی اور کرسمس گفٹس شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 3.99 ملین افراد نے کمیونٹی سروسزپروگرام سے استفادہ کیا۔
قدرتی آفات کے دوران الخدمت فائونڈیشن کا کردار ہمیشہ قابلِ تعریف رہا ہے۔ سیلاب، زلزلے اور دیگر بحرانوں کے دوران الخدمت کے رضاکاروں کی خدمات مسلسل جاری رہتی ہیں۔ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں الخدمت ریسکیو اورریلیف کے بعد ان متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں بھی اپنا کردارادا کرتی ہے، پورا سال مرکزی، ریجنل سطح پر 41 رسپانس سنٹر، 70 ہزاررضاکاروں کے ساتھ قدرتی آفات اورحادثات میں مسلسل انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل رہے، اس دوران 59ہزارخاندانوں کوفوڈ پیکیج جبکہ 5ہزار656 متاثرین کوخیمے فراہم کیے گئے، الخدمت رضاکاروں کو ملکی و عالمی اداروں کے اشتراک سے 83 ٹریننگ ورکشاپ کروائی گئیں، ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے شعبے کے ذریعے دوران سال 11لاکھ 2ہزار19 افراد مستفیدہوئے ۔
الخدمت کے اسلامی مائیکروفنانس پروگرام مواخات نے 17424 افراد کو خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2012ء سے لے کر 2024ء تک پاکستانی شہریوں کوبلاتفریق کاروبارکے لیے بلاسود 704 ملین روپے کے قرضے فراہم کیے گئے جن کی واپسی کی شرح 94 فیصد رہی۔ یہ اعداد و شمار الخدمت کی شفافیت اور لوگوں کے اعتماد کا مظہر ہیں۔ 2024ء کے دوران الخدمت فائو نڈیشن نے مجموعی طور پر 22.54 ملین افراد کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالا، مجموعی طورپرالخدمت نے دوران سال 23.46 بلین روپے انسانیت کی خدمت پر خرچ کیے۔ یہ اخراجات صرف مالی امداد تک محدود نہیں تھے بلکہ مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی صرف کیے گئے۔
الخدمت فائونڈیشن اہلِ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ تنظیم خدمتِ خلق، تعلیم، صحت اور فلاحی کاموں کے میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ الخدمت کی خدمات نہ صرف موجودہ مسائل کے حل کے لیے ہیں بلکہ یہ ایک روشن اور خودکفیل پاکستان کے خواب کی تعبیر بھی ہیں۔ اس کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ نیک نیتی اور خدمت کا جذبہ کسی بھی معاشرے کو بدل سکتا ہے۔ الخدمت کے ان شاندار کاموں کو دیکھتے ہوئے ہم سب کو ان کے مشن کا حصہ بننا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں اور وسائل کے مطابق ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ یہ ہم سب کی اجتماعی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ایسی فلاحی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کریں جو انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button