اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق،قطری وزیراعظم کا اعلان
قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا اعلان کر دیا۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ غزہ جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز 19 جنوری سے ہو گا،معاہدہ کرانے میں قطر،مصر اور امریکہ کی کوششیں کامیاب ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مراحل پر عملدرآمد کے حوالے سے کام جاری ہے،معاہدہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا باعث بنے گا اور غزہ کیلئے انسانی امداد میں اضافے ہو گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا،جنگ بندی معاہدے کے بعد غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل شروع ہو گئی،امدادی ٹرک صلاح الدین اسٹریٹ کے راستے غزہ پٹی میں داخل ہو گا،
یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور مغویوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے،معاہدے کے باعث غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں میں وقفہ آئے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی مراحلہ وار رہائی عمل میں آئے گی،شمالی غزہ کے سویلین شہریوں کی واپسی ممکن ہو گی،پہلے مرحلے میں حماس 33 یرغمالیوں کو رہا کرے گا۔
اسرائیل ہر یرغمالی کے بدلے 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا،ہر خاتون فوجی قیدی کے بدلے 50 فلسطینی قیدی رہا ہوں گے،جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے 16 ویں روز جنگ کے مکمل خاتمے کیلئے دوسرے مرحلے کے مذاکرات شروع ہوں گے۔
6 ہفتوں کی جنگ بندی پر عملدرآمد 3 مراحل میں ہوں گے،پہلے مرحلے میں سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے پر مذاکرات ہوں گے،دوسرے مرحلے میں حماس اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے گا اور غزہ کے عوامی مقامات سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہو گا،تیسرے مرحلے میں اسرائیلی فورسز کا غزہ سے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔