مذاکرات سے متعلق عمران خان کی واضح ہدایات ہیں،بیرسٹر گوہر علی خان
اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جا سکتا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان کی واضح ہدایات ہیں،مذاکرات سے متعلق حکومت کی طرف سے اب تک کوئی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنانے پر رضا مندی ظاہر کی تو اگلاس اجلاس ہو گا،جوڈیشل کمیشن پر رضا مندی ظاہر نہ کرنے کی صورت میں آئندہ اجلاس نہیں ہو گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے پر کہا کہ انہیں امریکی عوام نے منتخب کیا ہے،تحریک انصاف کسی ملک کی مدد کی منتظر نہیں ہے،تمام ملک خود مختار ہیں اور عوام جو فیصلہ کریں وہی غالب آتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جو بانی پی ٹی آئی کی قید کو غلط سمجھتے ہیں ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،امریکی عوام کے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب کرنے کے فیصلے کی عزت کرتے ہیں،باقی ممالک بھی پاکستان کی سالمیت کا احترام کریں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے اہم قانونی نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پر کمیشن بنانے میں کوئی پابندی نہیں ہے،حکومت عندیہ دے تو چوتھے اجلاس میں جا سکتے ہیں،کمیشن بننے کے بعد جو بانی پی ٹی آئی کہیں گے وہی ہو گا۔