پاکستان
Trending

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات باقاعدہ شروع ہو گئے۔

پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی مذاکراتی بیٹھک میں حکومت کے 7 اور اپوزیشن کے 3 ارکان شریک ہیں،حکومتی کمیٹی میں اسحاق ڈار،رانا ثناء اللہ،عرفان صدیقی،راجہ پرویز اشرف،نوید قمر،خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار شامل ہیں۔

اپوزیشن کمیٹی میں اسد قیصر،صاحبزادہ حامد رضا اور علامہ راجہ ناصر عباس شامل ہیں،وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور صوبائی کابینہ کی مصروفیات کی وجہ سے آج مذاکراتی عمل میں شریک نہیں ہوں گے جبکہ عمر ایوب کی عدالتی پیشی کے باعث مذاکرات میں شرکت ممکن نہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کمیٹیوں میں سنیئر ارکان شامل ہیں،مذاکرات کی سنجیدگی ارکان کی شمولیت سے نظر آتی ہے،پارلیمنٹ میں اجلاس کر کے جمہوری طرز عمل اختیار کیا ہے،ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں پوشیدہ ہے۔

ایاز صادق کے مطابق مذاکراتی عمل جمہوریت کا حسن ہے،حکومت اور اپوزیشن کا مل بیٹھنا جمہوری روایات کو مضبوط بنائے گا،انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ 24 کروڑ عوام کا منتخب ادارہ ہے،عوام کی پارلیمنٹ سے امیدیں وابستہ ہیں۔

مذاکرات سے قبل اسپیکر چیمبر میں حکومتی کمیٹی کے ارکان نے مشاورت کی،ایاز صادق سے راجہ پرویز اشرف،نوید قمر،خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے ملاقات کی۔اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ بھی اسپیکر چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button