قلم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈاکٹرزاہدمنیرعامر کی تحقیقی کتاب “خطوط۔اکبر بنام اقبال”کی اشاعت


لاہور(رپورٹ:عبدالستاراعوان)معروف اشاعتی ادارے قلم فاؤنڈیشن لاہورکے زیراہتمام کتاب”خطوط۔اکبر بنام اقبال”شائع ہوگئی ہے۔یہ ایک اہم علمی وتحقیقی کام ہے جس کاسہرا ڈاکٹرزاہدمنیرعامرکے سرسجتاہے۔چیئرمین قلم فاؤنڈیشن علامہ عبدالستارعاصم نے یہ کتاب شائع کرکے اوراپنے حصے کا کام کرکے یہ علمی خزانہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کردیاہے۔واضح رہے کہ ایک صدی کے بعد ان 133غیرمطبوعہ خطوط کی دریافت کرکےانہیں کتابی صورت میں محفوظ کیاگیاہے۔یہ نادرعلمی خزانہ لائق مطالعہ ہے۔جناب خورشید رضوی نے کتاب کے مقدمہ میں لکھا ہے کہ”علامہ اقبال کا یہ دستوربتایاجاتاہے کہ وہ اپنے نام وصول ہونے والے خطوط کا جلد از جلد جواب لکھنے کے بعد خطوط کو تلف کر دیتے تھے، ظاہر ہے بڑی بڑی شخصیات کے خط انہیں موصول ہوتے تھے مگر انہوں نے کسی کے مکاتیب کا ریکارڈ نہیں رکھا ۔اس دستور میں صرف ایک استثناء تھا اور وہ تھا اکبر الہ ابادی کے خطوط کا جنہیں وہ نہ صرف سنبھال کر رکھتے تھے بلکہ بعد میں بھی گاہ گاہ تنہائی میں پڑھتے رہتے تھے۔ مولانا روم کے علاوہ شاید اکبر الہ ابادی ایسی شخصیت ہیں جن کو اقبال نے “پیر و مرشد” کا درجہ دیا۔
خورشید رضوی مقدمہ کے آخرمیں لکھتے ہیں کہ:
“یہ کتاب اقبالیات اور اکبریات کے حوالے سے اردو ادب کی ایک اہم خدمت ہے۔ ہمیں ڈاکٹر ثاقب نفیس صاحب کا ممنون ہونا چاہیے کہ انہوں نے 86 برس کے غیاب کے بعد اس امانت کو ایک ایسے شخص کے سپرد کیا جو اسے اٹھانے کا اہل تھا اور ڈاکٹر زاہد منیر عامر کو تہنیت پیش کرنی چاہیے کہ اللہ نے ان سے ایک بڑا کام لے لیا”.
ایں سعادت بزور بازو نیست
تانہ بخشدخدائے بخشندہ۔
یہ کتاب تقریبا500صفحات پرمشتمل ہے۔عطاءالحق قاسمی،ڈاکٹراسلم انصاری،ڈاکٹرمعین الدین عقیل،انورمسعود اورڈاکٹرریاض مجیدنے اپنے تاثرات میں ڈاکٹرزاہدمنیرعامرکی اس عمدہ تحقیق کاجائزہ لیتے ہوئے ان کی اس کاوش کو خوب سراہا ہے۔یہ کتاب اس نمبرپررابطہ کرکے حاصل کی جا سکتی ہے۔قلم فاؤنڈیشن لاہور۔ 0515101 0300