وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا جیل ریفارمز وژن،جیل انڈسٹری میں کام کرنے والے قیدیوں کو معاوضہ ملنا شروع

وزیراعلی پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب کی اہم کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جیل انڈسٹری میں کام کرنے والے قیدیوں کو معاوضہ ملنا شروع ہو گیاہے اور پنجاب کی مختلف جیلوں میں ہنر مند قیدی اپنے اہل خانہ کی کفالت کے قابل ہو گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور میں قیدیوں کو نوروزی چپل کی تیاری پر عید سے قبل معاوضہ دیا گیا ہے۔ قیدیوں کے ہاتھوں تیار کردہ نوروزی چپل مارکیٹ میں فروخت ہو رہی ہے جس کی فروخت سے حاصل ہونے والی اجرت براہِ راست قیدیوں کے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع ہوتی ہے۔ ماہرین کے زیر نگرانی قیدیوں نے اعلیٰ معیار کی نوروزی چپل تیار کرنا سیکھی۔ قیدیوں کی تیار کردہ نوروزی چپل اپنی خوبصورتی، معیار اور پائیداری میں منفرد ہے۔ قیدیوں کو ہنر مند بنا کر انکے روشن مستقبل کی راہیں ہموار کر رہے ہیں اور ہنرمند قیدی رہائی کے بعد بھی معاشرے کا مفید حصہ ہوں گے۔