دوسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمن نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی
ویسٹ انڈیز ویمن نے پاکستان ویمن کو دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچز کی سیریز اپنے نام کرلی، سیریز کا آخری ون ڈے 23 اپریل کو کھیلا جائےگا۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ویمن ٹیم 48.5 اوورز میں223 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف 65، سدرہ امین 50 اور نجیحہ علوی 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز ویمن کی اسٹیفنی ٹیلر نے 73 رنز بنائے شیمائن کیمبل 52 اور ہیلی میتھیوز 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 4، ام ہانی 2 سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دلچسب مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو آخری بال پر تین رنز درکار تھے جب فاطمہ ثنا کی لاسٹ بال کیپر کے ہاتھوں سے نکلتے ہوئے باؤنڈری لائن کراس کرگئی اور یوں ویسٹ انڈیز ویمن نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان ویمن کو دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز اپنے نام کرلی۔
میچ میں کپتان ندا ڈار نے 108 میچز میں 100 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔