امریکہ کا طالبان رہنماؤں کے سروں پر انعام ختم کرنے کا اعلان۔”یہ افراد عالمی دہشت گرد کے طور پر نامزد رہیں گے”۔امریکی محکمہ خارجہ

امریکی محکمہ خارجہ اور طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ امریکہ نے عسکریت پسند حقانی نیٹ ورک کے کئی اہم رہنماؤں کے سروں کی مقرر کردہ لاکھوں ڈالر قیمت ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں موجودہ وزیر داخلہ بھی شامل ہیں۔افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین کنی نے کہا، امریکہ نے حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی، عبدالعزیز حقانی اور یحییٰ حقانی کے سروں کے لیے مقرر کردہ انعامی رقم کو ختم کردیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا، “یہ تینوں افراد عالمی دہشت گرد کے طور پر نامزد رہیں گے۔ تاہم ان کے سروں کی قیمت ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ حقانی نیٹ ورک کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم اور عالمی دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزدگی برقرار رہے گی۔واضح رہے کہ حقانی نیٹ ورک افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ کے دوران کچھ مہلک ترین حملوں کا ذمہ دار تھا۔ اور امریکہ کی جانب سے سراج الدین حقانی کے سر کی قیمت 10 لاکھ ڈالر مختص کی گئی تھی۔