اسلام آباد ہائیکورٹ کا شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رہنما شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کی ، شیریں مزاری اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں ۔
نیب پراسکییوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے مارچ میں ہی شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کر دی تھی ، کیونکہ شیریں مزاری 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں ملزمہ نہیں ہیں۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے بھی 27 مارچ کو وزیراعظم کو خط لکھ کر اطلاع دے دی تھی ۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس دیئے کہ کابینہ کے پاس اور کام بہت ہیں یہ کام ہم نے کر دیتے ہیں ، عدالت نے شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا اور درخواست نمٹا دی۔
یاد رہے کہ یکم دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے بھی نکالنے کا حکم دیا تھا۔