ٹرمپ مودی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ گمراہ کن اور سفارتی اقدار کے منافی ہے۔پاکستان

پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کو جدید ٹیکنالوجیز کی بھارت منتقلی پر شدید تحفظات ہیں۔پاکستان نےٹرمپ مودی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ گمراہ کن، حیران کن اور سفارتی اقدار کے منافی قراردیاہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وائٹ ہاؤس میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس میں امریکی صدر نے بھارت کو ایف 35 لڑاکا طیاروں سمیت جدید دفاعی آلات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔اس کے علاوہ امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم کی ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کے ذمہ داروں کیفر کردار تک پہنچائے اور اپنی سرزمین سرحد پار دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ اب پاکستان کی جانب سے ٹرمپ مودی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان سے متعلق حوالے کو یکطرفہ، گمراہ کن، حیران کن اور سفارتی اقدار کے منافی قرار دیا گیا ہے۔