پاکستان

فیلڈ کمانڈرز اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری،پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھیں اور سخت تربیت کے ذریعے جنگی تیاریاں یقینی بنائیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 268ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔کانفرنس کے آغاز میں افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان شہریوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے وطن عزیز میں امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔فورم کو موجودہ جیو اسٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور پاکستان کے مؤثر اسٹریٹیجک ردعمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اندرونی و علاقائی سیکیورٹی کا جامع جائزہ لیتے ہوئے فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کو ہر صورت میں جڑ سے اکھاڑا جائے گا۔ پاکستان کی سلامتی کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے عناصر، ان کے سہولت کاروں اور حامیوں کے خلاف ریاستی طاقت سے بھرپور کارروائی کی جائے گی۔فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ دشمن عناصر، ان کے آلہ کار، سماجی انتشار پھیلانے والے عناصر اور ان کے سیاسی پشت پناہوں کے مذموم عزائم کو بلوچستان کے عوام کی مکمل حمایت سے ناکام بنایا جائے گا، ان شاءاللہ۔فورم نے “ویژن عزمِ استحکام” پر تیزی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا اور قومی ایکشن پلان کے تحت تمام ریاستی اداروں کی مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے قیام کو سراہا اور تمام اداروں میں قریبی تعاون کو یقینی بنانے پر زور دیا۔آرمی چیف نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں دہشتگردی کی مالی معاونت سے جُڑی ہوئی ہیں، جن کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔فورم نے بھارتی غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیز خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔فورم نے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری سنگین مظالم اور جنگی جرائم کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں کو ہر سطح پر سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آخر میں، آرمی چیف نے تمام فیلڈ کمانڈرز کو اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے اور سخت تربیت کے ذریعے جنگی تیاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button