یو ایس ایڈ کی بندش اور ٹرمپ کی دیگر پالیسیوں کیخلاف مظاہرے جاری

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکہ کی مختلف ریاستوں فلاڈیلفیا، کیلیفورنیا، مشیگن، ٹیکساس، وسکانسن، انڈیانا سمیت دیگر ریاستوں میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔یہ مظاہرے امدادی ادارے یو ایس ایڈ کی بندش اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ احکامات بشمول امیگریشن، ٹرانسجینڈر کے حقوق اور فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔مظاہرے میں شامل ڈیموکریٹ رکن کانگریس سارہ جیکبز نے یو ایس ایڈ کو بند کرنے کے اقدامات کے حوالے سے کہاکہ “یہ غیر قانونی ہے اور یہ بغاوت ہے”۔ریاست اوہائیو میں مظاہرے میں شامل خاتون مارگریٹ ولمت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’گزشتہ دو ہفتوں میں جمہوریت کے حوالے سے ہونے والی تبدیلیوں پر میں شدید غصے میں ہوں لیکن یہ سب دراصل بہت پہلے سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ میں اس کے خلاف مزاحمت میں اپنا حصہ ڈالنے آئی ہوں۔