19سالہ نوجوان ندال میمن کی محبت میں گرفتار ہونے کے بعد پاکستان آنے والی امریکی خاتون سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے رہائشی 19 سالہ نوجوان ندال میمن اور امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کے درمیان سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی،خاتون کراچی پہنچی تو نوجوان فرار ہو گیا۔
ائیر پورٹ پر خاتون کو امریکہ واپسی کیلئے ٹکٹ دیا گیا،جہاز میں بٹھایا گیا لیکن وہ بہانہ بنا کر آف لوڈ ہو گئی،امریکی قونصل خانے کی ٹیم بھی ائیر پورٹ پہنچی لیکن اونیجا نے امریکہ جانے سے ہی انکار کر دیا۔
خاتون ائیر پورٹ سے نوجوان کی تلاش میں اس کے گھر پہنچی،پولیس اور دیگر حکام نے بات چیت کی لیکن امریکی خاتون کسی صورت امریکہ جانے پر راضی نہ ہوئی۔
میڈیا نمائندگان نے امریکی خاتون سے سوال کیا کہ مستقبل کے حوالے سے آپ کا کیا ارادہ ہے،خاتون نے جواب دیا مجھے ہر ہفتے 3 ہزار ڈالر دئیے جائیں،صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ واپس جائیں گی جس پر خاتون نے جواب دیا وہ پاکستانی شہری بن چکی ہیں۔
حکام کے مطابق امریکی خاتون پاکستان کے وزٹ ویزے پر ہے،اسے ائیرپورٹ سے باہر جانے کا مزید 15 روز کا پرمٹ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی خاتون ندال میمن سے شادی کیلئے 11 اکتوبر 2024 کو پاکستان آئی تھی،نوجوان شادی پر راضی تھا لیکن اس کے اہلخانہ نے خاتون کے ساتھ شادی کرانے سے انکار کر دیا،33 سالہ اونیجا دو بچوں کی ماں ہے۔