عمران خان کا جوڈیشل کمیشن قائم نہ کرنے پر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ برف پگھل نہیں رہی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری اور وکلاء کی ملاقات ہوئی،عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے حکومت کو 7 دن دئیے تھے،بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آج کی تاریخ تک حکومت نے کمیشن بنانے کا اعلان نہ کیا تو کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔
انہوں نے افسوس اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہو سکی،ہم نے کہا تھا کہ حکومت نے کمیشن کا اعلان نہ کیا تو مذاکرات کی اگلی نشست نہیں ہو گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ ہونے کی صورت میں آج سے مذاکرات ختم ہو جائیں گے،3 ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔
بیرسٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر آئین و قانون کے تحت سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔