شہاب ثاقب کا زمین سے ٹکرانے کا منظر اور آواز کیمرے نے محفوظ کر لی
تاریخ میں پہلی بار ایک گھر میں نصب سکیورٹی کیمرے نے شہاب ثاقب کے گرنے کا منظر محفوظ کر لیاہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سائنسدانوں کو پہلی بار علم ہوا کہ زمین سے ٹکرانے پر شہاب ثاقب سے کیسی آواز نکلتی ہے۔ یہ حیرت انگیز کینیڈا کے پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ میں واقع ایک گھر کی ڈور بیل میں نصب کیمرے نے ریکارڈ کیا۔ خلائی پتھر کا ایک ٹکڑا اس گھر کے ڈرائیو وے میں آکر ٹکرایا تھا۔ جولائی 2024 میں لورا کیلی اور ان کے ساتھی جو ویلیڈوم اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی گھر پر واپس پہنچے تو انہوں نے گھر کے باہر ایک پراسرار نشان کو دیکھا۔ ڈور بیل میں نصب کیمرے کی رکارڈنگ دیکھنے پر انہیں علم ہوا کہ ایک پتھر آسمان سے وہاں آکر ٹکرایا اور زمین سے ٹکرانے کے بعد گرد میں تبدیل ہوگیا۔ اس منظر کو دیکھ کر اس جوڑے نےخلائی چٹان کے سات گرام ذرات کو جمع کیا اور البرٹا یونیورسٹی میں شہاب ثاقب کے نمونے اکٹھے کرنے والے ڈیپارٹمنٹ کو وہ نمونہ بھیج دیا۔ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر کرس ہرڈ نے بتایا کہ کبھی بھی کسی شہاب ثاقب کے گرنے کو اس طرح کیمرے کی آنکھ میں ٹکرانے کی آواز کے ساتھ ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔ یہ خلائی چٹان اتنی تیزی سے زمین سے ٹکرائی تھی کہ کیمرے کو بس سنگل فریم ریکارڈ کرنے کا موقع ملا۔