ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار کی باگ ڈور سنبھال لی،جوبائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات منسوخ کر دئیے
امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی وعدوں پر عملدرآمد شروع کرتے ہوئے پہلے ہی دن ایگز یکٹیو آرڈرز کا تانتا باندھ دیا،جوبائیڈن کے احکامات منسوخ کرنے کیلئے 78 صدارتی اقدامات پر دستخط کر دئیے۔
انہوں نے کیپٹل ہل حملہ کیس میں سزا پانے والوں کیلئے معافی کا اعلان کیا،امریکی صدر نے مصنوعی ذہانت پالیسی سے متعلق جوبائیڈن کا ایگزیکٹیو آرڈر اور 2030 تک الیکٹرک کاروں کی فروخت کا ہدف 50 فیصد کرنے کا آرڈر بھی منسوخ کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت سے الگ ہونے کا اعلان بھی کیا،انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حو الے سے پیرس معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے اور فیڈرل ملازمین کی بھرتیاں منجمد کرنے کے آرڈرز پر بھی دستخط کئے۔
امریکی صدر نے ٹک ٹاک کیخلاف کارروائی بھی موخر کر دی،ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ امریکہ ہماری ترجیح ہو گا،ایسا ملک قائم کرنا ہے جو پہلے سے زیادہ مضبوط اور کامیاب ہو،سیاسی اسٹیبلشمنٹ کا قبضہ ختم کریں گے۔
امریکی صدر نے لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن اور جرائم پیشہ افراد کو ان کے ممالک میں واپس بھیجنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے امریکہ میکسیکو سرحد پر قومی ایمرجنسی اور فوج تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خلیج میکسیکو کا نام بدل کر خلیج امریکہ رکھ رہے ہیں،ہم پانامہ کینال واپس لیں گے،محکمہ انصاف میں بد عنوانی ختم کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ امریکہ میں موجود تیل و گیس کے ذخائر نکالیں گے،لاس اینجلس میں آگ سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں،ہمارے پاس صحت ِ عامہ کا ایسانظام ہے جو آفات میں ناکام ہو جاتا ہے،کسی کو امریکہ سے ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت امریکیوں اور امریکی مفادات کا دفاع کرنے میں ناکام رہی،بہت سے معاملات ایسے ہیں جن کو درست کرنے کی ضرورت ہے،یہ سب کچھ بدل جائے گا اور بہت جلد تبدیل ہوتا نظر بھی آئے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ اپنی کابینہ کو مہنگائی کرنے کی ہدایت دوں گا،قانون کی بالادستی اور ملک کا تحفظ یقینی بنائیں گے،تیل اور گیس کی قیمتیں کم کریں گے،امریکی شہریوں پر ٹیکس کے بجائے دوسرے ممالک پر ٹیرف لگائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایک بار پھر دنیا کا سب سے بڑا مینو فیکچرنگ ملک بنے گا،ہم ایسی سوسائٹی تشکیل دیں گے جہاں صرف میرٹ ہو،دوبارہ کبھی ریاست کی طاقت کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔