غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد شروع،فلسطینیوں کا سڑکوں پر جشن
اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کا اعلان کر دیا۔
15 ماہ ظلم و ستم اور بربریت سہنے والے فلسطینیوں کیلئے خوشی کا لمحہ آن پہنچا،اسرائیل بدترین مظالم ڈھانے کے باوجود فلسیطنیوں کے حوصلے نہ توڑ سکا۔
کئی گھنٹے کی تاخیر کے بعد غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو گیا،جنگ بندی کے بعد غزہ میں جشن کا سماں ہے،فلسطینیوں نے خان یونس اور دیرالبلاح میں کار ریلی نکالی اور آزادی کے نعرے لگائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے پہلے دن رہا کیے جانے والے والے 3 یرغمالیوں کے نام اور تفصیلات اسرائیل کو دے دیں،حماس 3 اسرائیلی خواتین اور اسرائیل 95 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ بندی کے نفاذ کو یرغمالیوں کی فہرست سے مشروط کیا تھا،جنگ بندی کا وقت شروع ہونے کے باوجود اسرائیل نے شمالی غزہ پر حملے کیے جس کے باعث 19 افراد شہید اور 23 زخمی ہوئے تھے۔