190 ملین پاونڈ کیس میں سزا کیخلاف اپیل دو سماعتوں میں خارج ہو جائے گی،عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کے پاس قانونی مواد نہیں ہے،عمران خان کی اپیل ایک دو سماعتوں کے بعد خارج ہو جائے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاونڈ میں عمران خان کو رشوت اور ڈاکے پر سزا ملی،عدالت نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سزا سنائی،تحریک انصاف اپنی چوری چھپانے کیلئے مذہب کا استعمال کر رہی ہے،ذاتی مفاد کیلئے مذہب کا سہارا لینا قابلِ افسوس ہے۔
انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ کیمرے کے پیچھے بہت اچھے ہیں،26 ویں آئینی ترمیم پر انہوں نے ہمارا ساتھ دیا لیکن جیل میں بانی پی ٹی آئی نے ڈانٹ پلائی۔
وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ زمان پارک میں واقع گھر کو گرا کر 25 کروڑ میں تزئین و آرائش کی گئی،ہر شخص کا آمدن کا ذریعہ ہوتا ہے،بانی پی ٹی آئی کا ذریعہ آمدن کسی کے علم میں نہیں ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ 200 کنال زمین اور 5 قیراط کی انگوٹھیاں کہاں سے آئیں؟ 80 سے 90 ارب روپے کا گھپلا ہوا ہے،القادر ٹرسٹ کی زمین خریدی گئی اور 28 کروڑ اکاونٹ میں گئے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی مکافاتِ عمل کا شکار ہے،سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا فیصلہ ہے سپریم کورٹ پیسے رکھنے کی مجاز نہیں تھی،القادر ٹرسٹ حکومتی تحویل میں لینے پر بھی کارروائی جاری ہے۔