ا یف سی بلوچستان (سائوتھ)کی خدمات کا سفر جاری
(نسیم الحق زاہدی)
جنوبی بلوچستان میں امن وامان کی بحالی اور استحکام میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ)کا اہم کردار ہے ۔دہشت گردی کی اس لعنت پر قابو پانے کے لیے ایف سی (سائوتھ)کے جوانوں نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف متعدد آپریشن کیے جن میں لاتعداد دہشت گردوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایاگیا۔آج بلوچستان سمیت وطن عزیز کے ہر شہر اور دیہات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہادت کاجام پینے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کی قبریں موجود ہیں جنہوں نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کیا اور ہمیں محفوظ وطن دیا ۔ایف سی بلوچستان (سائوتھ)کا قیام2017میں عمل میں لایا گیا جس کا مقصد جنوب مغربی حصے میں افغانستان اور ایران کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی نگرانی اور جنوبی بلوچستان میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ داخلی اور سرحدی سلامتی کے علاوہ قومی اور عسکری اہمیت کے منصوبوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ آٹھ سال کے قلیل عرصے میں ،اس نئی قائم ہونے والی فورس نے نہ صرف خود کو منظم کیابلکہ اپنی افرادی قوت کو پیشہ ورانہ تربیت دی ،اپنی تعیناتی کے علاقے میں سرحدی حفاظت اور امن وامان کی بحالی سے لے کر عوامی خدمت تک اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو انتہائی بہترین اور موثر انداز میں نبھایا ہے ۔بلوچستان کی صورتحال کااگر بغور جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح طور پر سامنے آجاتی ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کیسی بھی ہولیکن اس صوبے نے ترقی اور امن کی جانب سفر جاری رکھا ہوا ہے اور دوران ترقی کئی منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں جبکہ بہت سے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔
بلوچستان کی خوشحالی کے لیے جہاں پرریاست پاکستان اورحکومت بلوچستان کوشاں ہے ،وہاں پر افواج پاکستان اور ایف سی بلوچستان کی کارکردگی قابل ستائش ہے ۔جنوبی بلوچستان میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ)نے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔تعلیم کی فراہمی،صاف پانی کی فراہمی ،صحت کی سہولیات اور قدرتی آفات میں قابل ستائش خدمات شامل ہیں۔ گذشتہ چند ماہ میں بالخصوص تعلیم اور صحت کے حو الے سے دی جانے والی خدمات میں سے چند ایک کا ذکر ۔
تعلیم :
ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے شعبہ تعلیم اور شعبہ صحت پر خاص توجہ دی ہے۔ بلوچستان میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی زیر نگرانی 10اسکول چل رہے ہیں جن میں 561سے زائد طلباء کو مفت تعلیم دی جارہی ہے۔ ان طلباء کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم مہیا کی جارہی ہے بلکہ معاشرے کے لیے ایک بہترین انسان کے طور پر تیار کیا جارہا ہے ۔ایف سی (سائوتھ)نے بلوچ نوجوانوں کوتعلیم کی طرف راغب کرکے معاشرے میں نئی سوچ کو جنم دیا ہے ۔گذشتہ ماہ ایف سی بلوچستان(سائوتھ) کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کی کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کی طالبات میں آئی جی ایف سی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے لیپ ٹاپ تقسیم کیے ،جس کا مقصد ان کے تعلیمی تجربے کو بہتر بنانا اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا ہے،اسی طرح ایف سی بلوچستان(سائوتھ) کی جانب سے ایف سی پبلک اسکول خاران میں پہلی سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں اور کالجز کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ اس نمائش کا مقصد سائنس میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کو سائنسی میدان میں مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں دنیا کو دکھا سکیں۔اس سائنسی نمائش میں طلباء کی جانب سے 60 مختلف تجربات پیش کیے گئے، جنہیں سراہتے ہوئے ان طلباء اور اساتذہ کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی گئی ۔اسی طرح خاران میں معذور اور خصوصی بچوں کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا اسکول قائم کیا گیا،اس اسکول میں بصارت وسماعت سے محروم بچوں کے ساتھ ساتھ ذہنی وسماجی طور پر پسماندہ بچے بھی زیر تعلیم ہیں ۔جہاں انتہائی پیشہ ور محنتی اساتذہ کی زیر نگرانی بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جارہا ہے ۔زیر تعلیم طلباء کے تمام تعلیمی اخراجات بشمول ا سٹیشنری، یونیفارم اور دیگر ضروریات، اساتذہ اور انتظامی عملے کو تنخواہیں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی جانب سے فراہم کی جارہی ہیں۔صحت:
صحت کے حوالے سے ایف سی بلوچستان(سائوتھ) کی جانب سے تربت کے علاقے آبسر،گوہر باغ دشت میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جن میں تقریباً 650کے قریب مریضوں کاطبی معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں ،اس کے علاوہ دالبندین میں چار روزہ مفت آئی کیئر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 1178مرد، خواتین،بچوں اور بوڑھے امراض چشم کے مریضوں کوبہترین طبی سہولیات، ادویات کے ساتھ مفت عینکیں بھی فراہم کی گئیں ۔60مریض جو موتیا کے مرض میں مبتلا تھے ان کو کوئٹہ میں مفت لیزر سرجری کے لیے ریفر کیا گیاجہاں ان کے علاج کے تمام اخرجات ایف سی بلوچستان (سائوتھ)برداشت کریگی۔اسی طرح گورنمنٹ گرلز کیڈٹ کالج تربت میں بریسٹ کینسر آگاہی کنونشن کا انعقاد کیا گیا ،جس میںاس مہلک اور موذی مرض کے حوالے سے ڈاکٹرز نے تفصیلی آگاہی فراہم کی ۔اسی طرح آئی جی ایف سی بلوچستان(سائوتھ)کی طرف سے کیچ تھیلیسیمیاسنٹر کے مریض بچوں کے لیے دس لاکھ روپے کا عطیہ پیش کیاگیا ۔صاف پانی کی فراہمی:
خاران کے علاقے قلی لجے میں پینے کے صاف پانی کا سولرواٹر فلٹریشن پلانٹ اور آواران کے گرڈ بازار میں فلٹر پلانٹ تنصیب کیے گئے،اس کے علاوہ کیچ کے علاقے میں ایف سی بلوچستان( سائوتھ)کی جانب سے انسانی ہمدردی اور مقامی لوگوں کی فلاح وبہبود کے جذبے کے تحت بیوائوں کے لیے مکانات کی تعمیر بھی سرفہرست ہے۔
ایف سی (سائوتھ)نے ضلع کیچ میں ردیک اور ضلع پنجگور میں (پاکستان اور ایران) سرحدی مارکیٹوں کی تعمیر کے دوران سازگار ماحول فراہم کیا ۔ان سرحدی مارکیٹوں کی تعمیر سے جنوبی بلوچستان کے سرحدی عوام کے سماجی واقتصادی حالات بہتر ہوئے اور مقامی کاروبارکے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ایف سی بلوچستان (سائوتھ) سی پیک سیندک ،ریکوڈک ،سہدل اور دودر کے کاپر اور گولڈ مائن جیسے قومی اہمیت کے حامل کے منصوبوں کوسکیورٹی فراہم کررہی ہے۔اس کے علاوہ میرانی ڈیم،تپک ڈیم،گیشکورچ ڈیم ،گرگ ڈیم ،شادی کور ڈیم اور شاپک ڈیم کے منصوبوں کو بھی سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔
ایف سی بلوچستان(سائوتھ)نے بلوچستان میں مختلف اوقات میں آنے والی قدرتی آفات میں لوگوں کو بچایا ہے اور بروقت ریلیف فراہم کیا ہے ۔بحالی کے کاموں میں اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کی شاندار خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔گذشتہ سالوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے بلوچستان کے طول وعرض میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ،جنوبی بلوچستان میں کھجور کی فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ،ذرائع آمدورفت شدید متاثر ہوا،جنوبی بلوچستان میں ان تمام حالات میں ایف سی (ساوتھ)نے منظم اور فعال انداز میں شاندار اور بروقت خدمات انجام دی ہیں۔اس کے علاوہ ایف سی بلوچستان(سائوتھ)نے پولیومہم اور مردم شماری کی ٹیموں کو فرائض کی انجام دہی کے لیے سازگار ماحول مہیا کیا اور تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کیں۔بلاشبہ ملک کی سلامتی ہویادہشت گردی کے سائے ہوں یا پھر کسی بھی قسم کی قدرتی آفات ،ایف سی بلوچستان(سائوتھ)کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے لیبک کہتے ہوئے آگے بڑھ کر بلوچ بھائیوں کی مدد کی ہے۔آج مٹھی بھر ملک دشمن عناصرجنوبی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ جب تک ایف سی (سائوتھ)موجود ہے ان کے یہ حربے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔