پنجاب حکومت نے اٹک میں سونے کے ذخائر کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔
پنجاب حکومت کی اعلیٰ سطح کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سونے کے ذخائر دریافت ہونے کے حوالے سے بریفنگ دے گی،میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سونے کے ذخائر نکالنے کیلئے پنجاب حکومت بین الاقوامی سطح پر نیلامی کرانے کا فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ سابق نگران وزیر معدنیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے سوشل میڈیا پر اٹک میں 28 لاکھ ٹن سونے کے ذخائر دریافت ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سونے کے ذخائر اٹک میں 32 کلومیٹر کی پٹی پر دریافت ہوئے،سونے کی مالیت 800 ارب روپے ہے جو ڈالر میں 2 ارب 87 کروڑ بنتی ہے۔
ابراہیم حسن مراد کا کہنا تھا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے سونے کے ذخائر کے انکشاف کی تصدیق کی،اس سلسلے میں جیولوجیکل سروے نے 127 مقامات سے نمونے اکٹھے کیے۔