4300ایکڑرقبے پرپھیلے سب سے بڑے اورجدید” نیوگوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ” نے کام شروع کردیا
بلوچستان کے شہرگوادرمیں4300ایکڑرقبے پرپھیلے پاکستان کے سب سے بڑے اورجدید” نیوگوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ ” NGIA
نے کام شروع کردیاہے۔بتایاگیاہے کہ جمعے سے گوادر کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کا آغاز ہوچکا ہے۔مرحلہ وار پروازوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
پی آئی اے اورسول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مطابق گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ باقاعدہ آپریشنل ہوچکاہے ۔نئے تعمیر ہونے والے ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، ایف آئی اے، انٹی نار کوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے عملے کو پہلے ہی تعینات کر دیا گیا ہے۔وزارت ہوا بازی پاکستان کے مطابق نئے ایئرپورٹ کو پاکستان، عمان اور چین کا جوائنٹ وینچر سنبھالے گا تاہم اس کے انتظام اور آپریشن کی نگرانی کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ذمہ دار ہو گی۔
ایئرپورٹ تعمیر کرنےوالے چینی کمپنی کے عہدے دار لیاؤ جیان ژن نے بتایا کہ ’ایئر پورٹ کا رن وے بین الاقوامی معیار کا ہے جس پر جدید لینڈنگ آلات نصب کیے گئے ہیں، اس لیے اس پر دن رات اور ہر موسم میں پروازیں چلائی جا سکیں گی۔
ان کے مطابق رن وے کی لمبائی 3658 میٹر اور چوڑائی 75 میٹر ہے جسے 23 میٹر چوڑے ٹیکسی وے سے جوڑا گیا ہے.
اس رن وے پر 400 سے 500 مسافروں کی گنجائش رکھنے والے ایئربیس 380، بوئنگ 747 جیسے دنیا کے بڑے مسافر بردار طیارے بھی لینڈ اور ٹیک آف کر سکیں گے۔ یہاں بیک وقت پانچ طیارے پارک ہوسکیں گے۔واضح رہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی ساحلی شہر میں واقع چار ہزار 300 ایکڑ (17 مربع کلومیٹر )رقبے پر پھیلا نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے ) پاکستان کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے جس پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے بھی اتر سکتے ہیں۔
یہ پاک چین اقتصادی راہداری کا فلیگ شپ منصوبہ سمجھا جاتا ہے جسے چین کے تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے۔