پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو علی امین گنڈا پور کیخلاف کارروائی سے روک دیا
پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کو نوٹس بھجوانے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی نے درخواست پر سماعت کی،پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو وزیراعلیٰ کے پی کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کی طرف سے 20 نومبر کو علی امین گنڈا پور کو جاری کیا گیا نوٹس معطل کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،درخواست گزار کے وکیل بشیر خان نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے اثاثوں سے متعلق نوٹس جاری کیا،پہلے بھی الیکشن کمیشن نے ایسا ہی نوٹس جاری کیا جسے عدالت نے معطل کر دیا تھا۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ عدالت کے نوٹس معطل کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے دوبارہ کیسےنوٹس بھیج دیا؟ آپ کو چاہیے تھا کہ توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے۔