خیبرپختونخواہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم کایہ بیان وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی شکایت کے ایک دن بعد آیا ہے، جب انہوں نے کہا تھا کہ مرکز صوبے کو واجب الادا فنڈز جاری نہیں کر رہا
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کے فلاح و بہبود کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری مرتضی جاوید عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا یہ بیان وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی شکایت کے ایک دن بعد آیا ہے، جب انہوں نے کہا تھا کہ مرکز صوبے کو واجب الادا فنڈز جاری نہیں کر رہا۔انہوں نے گزشتہ ماہ وفاقی حکومت کو نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر اپنی آئینی ذمہ داری سے گریز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور خبردار کیا تھا کہ اگر وفاقی حکومت اپریل تک نئے این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کرنے میں ناکام رہی تو مئی میں ’فیصلہ کن کارروائی‘ کی جائے گی۔اس ملاقات کےموقع پر مرتضی جاوید عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خیبر پختونخوا کا دورہ کرنے اور ہزارہ موٹروے پر ایبٹ آباد اور گردونواح کے لوگوں کی سہولت کے لیے ایک اور انٹرچینج کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی۔