عمران خان کی رہائی کسی ایگزیکٹیو آرڈر کے نتیجے میں نہیں چاہتے،بیرسٹر گوہر کی وضاحت
اسلام آباد : بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ مذاکرات پاکستان کیلئے کر رہے ہیں جو ڈیڈلاک کا شکار نہیں ہونے چاہیئیں
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ ڈیل کی وجہ سے موخر نہیں ہو رہا،عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ وہ کوئی ڈیل نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کسی ایگزیکٹیو آرڈر کے نتیجے میں نہیں چاہتے ہو،ہم چاہتے ہیں قانونی طریقہ کار مکمل کیا جائے اور پھر رہائی ہو۔
بیرسٹر گوہر علی خان کے مطابق پی ٹی آئی دو مطالبات مذاکرات میں رکھ چکی ہے،پہلا مطالبہ ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،ہمارا دوسرا مطالبہ ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کیا جائے،مذاکرات پاکستان کیلئے کر رہے ہیں جس میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔
عمر ایوب نے کہا کہ حکومت سے دو ٹوک کہا تھا کمیٹی کی عمران خان سے آزادانہ ماحول میں ملاقات کرائی جائے،حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے تعاون کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے عمران خان سے ہی رہنمائی لیں گے،اب تک حکومت کی طرف عمران خان سے ملاقات کرانے کے حوالے سے کوئی جواب نہیں آیا۔